فیلڈ مارشل عاصم منیر کل تہران کا دورہ کریں گے، ایرانی وزارت خارجہ

اسلام آباد+تہران (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پیر کو تہران کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت بھی حالت جنگ میں ہے اور ملک کو معاشی، فوجی اور سکیورٹی محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کی سخت پابندیوں کے سامنے ثابت قدم ہے اور غیر مساوی جنگ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایرانی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی، تاہم ناکام رہا۔ ان کے بقول دشمن چاہتا تھا کہ ایران تباہ ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوسکا، ایران مضبوط اتحاد کے باعث دنیا کو حیران کرنے والی طاقت بن کر ابھرا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی عوام کو درپیش مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔



