ایران میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت، 7.5 ٹریلین مکعب فٹ سے زائد گیس موجود

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے جنوبی صوبے فارس میں قدرتی گیس کے نئے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، ایرانی حکام کے مطابق نئی گیس فیلڈ میں 7.5 ٹریلین مکعب فٹ سے زائد گیس موجود ہے۔

ایرانی وزیر تیل محسن پاک نژاد کے مطابق نئی دریافت شدہ گیس فیلڈ سے تقریباً 5.7 ٹریلین مکعب فٹ گیس قابلِ حصول ہے، جو ایران کے بڑے گیس فیلڈ جنوبی پارس کے ایک فیز سے تقریباً 15 سال کی پیداوار کے برابر ہے۔

وزیر تیل نے بتایا کہ نئی گیس فیلڈ میں موجود گیس سویٹ گیس ہے، جس کے باعث اس کی ترقی اور پیداواری لاگت نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گیس فیلڈ میں گیس کنڈینسیٹ کے بھی نمایاں ذخائر موجود ہیں، جو ایران کیلئے اربوں ڈالر کی اضافی آمدن کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

نئی دریافت کو ایران کے توانائی کے شعبے کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک توانائی کے ذخائر اور پیداوار بڑھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں

Back to top button