آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ شروع

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کا عمل شروع ہوگیا، اسمبلی ہال مظفرآباد میں پولنگ صبح 10 بجے شروع ہوئی جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کیلئے 6 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ ن نے 4 جبکہ پیپلزپارٹی نے 3 خواتین کو نامزد کیا تھا، تاہم پیپلزپارٹی کی امیدوار شاہین کوثر ڈار نے کاغذات واپس لے لیے۔
ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشست پر پیپلزپارٹی کے صاحبزادہ ذوالفقار علی اور مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی کے درمیان مقابلہ ہے۔
علماء و مشائخ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے مظہر سعید اور پیپلزپارٹی کے حافظ طارق محمود آمنے سامنے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالرحمان آرائیں بلا مقابلہ ممبر اسمبلی منتخب ہوگئے۔ ان کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کی جانب سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔



