پٹرول قیمتوں میں ریلیف کیلئے جماعت اسلامی کا دھرنا 9ویں روز میں داخل، ملک گیر ہڑتال کا اعلان


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پٹرول کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دلانا چاہتی ہے، حکومت کمپنیوں کو پٹرول پر بے جا مارجن دے رہی ہے۔
لاہور کے چیئرنگ کراس مال روڈ پر جماعت اسلامی کا دھرنا 9ویں روز میں داخل ہوگیا۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب بیوروکریسی کی مراعات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 13 ربیع الاول کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی، جبکہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بھی ملک گیر ہڑتال ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں میں خواتین سمیت عوام کی شرکت مسلسل بڑھ رہی ہے، یہ انا کا مسئلہ نہیں بلکہ مقصد عوام کو ریلیف دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کو امت مسلمہ کے مفاد میں استعمال کیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید الزام عائد کیا کہ حکومت نے گندم کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی، جس کے باعث گندم کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔