پاکستانی ٹیسٹ ٹیم 50 سال کی بدترین ٹیم ہے، برطانوی صحافی کی سخت تنقید

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف برطانوی کرکٹ صحافی سکیلد بیری نے پاکستان کی موجودہ ٹیسٹ ٹیم کو گزشتہ 50 برس کی بدترین پاکستانی ٹیم قرار دیتے ہوئے گرین شرٹس کی کارکردگی پر سخت تنقید کی ہے۔
برطانوی اخبار میں اپنے تجزیے میں سکیلد بیری نے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں کمزور دکھائی دے رہی ہے۔
ان کے مطابق انگلینڈ کو ایسی پاکستانی ٹیم کا سامنا ہے جس کی بیٹنگ میں تسلسل کا فقدان، باؤلنگ میں رفتار کی کمی اور فیلڈنگ میں بار بار خامیاں نظر آتی ہیں۔
سکیلد بیری کے تبصرے نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی۔ بھارتی سابق کرکٹر اجے جڈیجا نے ایکس پر برطانوی صحافی کا بیان شیئر کرتے ہوئے صارفین سے سوال کیا کہ وہ اس رائے کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل ناقص کارکردگی پر اس سے قبل بھی سابق کرکٹرز اور تجزیہ کار سوالات اٹھا چکے ہیں۔ ٹیم کی حالیہ کارکردگی نے صرف کھلاڑیوں ہی نہیں بلکہ سلیکشن، کوچنگ اور ملکی کرکٹ کے مجموعی نظام پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔



