ننکانہ میں مبینہ ڈاکوؤں کاسی سی ڈی سے مقابلہ،9سالہ رفعت فاطمہ قتل کیس کے مطلوب3ملزم ہلاک

ننکانہ صاحب (جانو ڈاٹ پی کے) ضلع ننکانہ صاحب میں ڈکیتی کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں اور سی سی ڈی ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس کے مطابق تین مبینہ ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں ملزمان ڈکیتی کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے کہ سی سی ڈی ٹیم نے ان کا تعاقب شروع کردیا۔ تعاقب کے دوران مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تینوں ملزمان مارے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ہارون، علی حسنین اور عاکف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان ننکانہ صاحب میں چند روز قبل پیش آنے والے 9 سالہ رفعت فاطمہ کے مبینہ اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمے میں بھی مطلوب تھے۔ اس پیش رفت نے کیس میں ایک اہم موڑ پیدا کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور مبینہ طور پر چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ملزمان کے تین دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب شہریوں نے سی سی ڈی ٹیم کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

رفعت فاطمہ کیس میں مطلوب ملزمان کے مبینہ مقابلے میں مارے جانے کی خبر کے بعد کیس کی تفتیش ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے تین ساتھیوں کی گرفتاری اب پولیس کے لیے اہم چیلنج بن گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button