مہنگائی پھر بے قابو!ایک ہفتے میں پیاز،پٹرول اورمرغی مہنگی،سالانہ شرح9.66فیصد

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہی ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.49 فیصد بڑھ گئی، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد، پٹرول میں 3.77 فیصد اور مرغی کے گوشت میں 3.35 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح لہسن 2 فیصد جبکہ چنے کی دال 0.63 فیصد مہنگی ہوگئی۔

دوسری جانب کچھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ وار بنیاد پر انڈے 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد اور ٹماٹر 4.99 فیصد سستے ہوئے۔

تاہم سالانہ اعداد و شمار نے عوام کی مشکلات کی سنگینی مزید واضح کردی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد کا ہوشربا اضافہ ہوا۔

اسی عرصے میں ٹماٹر 93.21 فیصد، گندم کا آٹا 62.25 فیصد، ایل پی جی 51.69 فیصد اور ڈیزل 33.08 فیصد مہنگا ہوا۔

سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30.01 فیصد، چینی میں 19.10 فیصد، مرغی کے گوشت میں 17.68 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں 17.41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button