ٹک ٹاک دوستی،جعلی نکاح اورکروڑوں کافراڈ؟گوجرانوالہ میں آسٹریلوی شہری مبینہ حبس میں رکھنے کاانکشاف

گوجرانوالہ (جانو ڈاٹ پی کے) ٹک ٹاک پر ہونے والی دوستی مبینہ طور پر نکاح، کروڑوں روپے کی منتقلی اور حبسِ بے جا کے مقدمے تک جا پہنچی۔ گوجرانوالہ پولیس نے آسٹریلوی نژاد خواجہ سرا کی درخواست پر مقامی نوجوان اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق عثمان نامی نوجوان کا ٹک ٹاک کے ذریعے آسٹریلوی شہری سے رابطہ ہوا، جس کے بعد مذکورہ شہری مبینہ طور پر دو مرتبہ پاکستان آیا۔

مقدمے کے مطابق نوجوان نے مبینہ طور پر آسٹریلوی شہری کو لڑکی ظاہر کرکے اس سے نکاح کیا، جبکہ بعد ازاں عثمان اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر 4 کروڑ روپے سے زائد رقم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کروالی۔

درخواست گزار کے مطابق جب اس نے پاکستان سے واپس جانے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر اسے زبردستی روک لیا گیا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے آسٹریلوی شہری کو واپس بھیجنے کے بدلے مزید رقم اور اپنے لیے ویزوں کا مطالبہ بھی کیا۔

مقدمے کے مطابق آسٹریلوی شہری یکم جون کو مبینہ حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا اور لاہور پہنچا، جہاں سے اس نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کی درخواست پر تھانہ لدھیوالہ وڑائچ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان اور اس کے والد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ طور پر رقم منتقل کرنے، نکاح اور حبسِ بے جا سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

ٹک ٹاک پر شروع ہونے والے رابطے سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے مالی فراڈ اور حبسِ بے جا تک پہنچنے والے اس معاملے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے، تاہم مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی حقیقت تحقیقات اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

مزید خبریں

Back to top button