سپریم کورٹ حکم نظرانداز!سہیل آفریدی کابڑا اعلان،احتجاج مزید تیز کرنے کی دھمکی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے نے ملکی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی۔ حکومت کی جانب سے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل کے بجائے پمز اسپتال منتقل کیے جانے پر پی ٹی آئی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا اور عدالت کی توہین کی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تین ججز کا واضح حکم موجود تھا، مگر اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان کے بقول حکومت نہ ملک کا قانون مان رہی ہے اور نہ ہی عدالتوں کے احکامات کی پاسداری کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی اس معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرے گی اور قانونی محاذ پر بھی بھرپور انداز میں اپنا مؤقف پیش کرے گی۔
انہوں نے گزشتہ رات پیش آنے والے واقعات کو فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب حالات مختلف ہوگئے ہیں اور پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلے انہوں نے 20 لاکھ افراد کے احتجاج میں شرکت کا ذکر کیا تھا، تاہم اب ان کے مطابق یہ تعداد دوگنا ہوگی۔ ان کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی گزشتہ رات کے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو دن کی "ٹھنڈی ہواؤں” کے بعد آج پورے ملک اور قوم کے لیے ایک بوجھل دن ہے، جبکہ گزشتہ رات جو کچھ ہوا اس کی انہیں توقع نہیں تھی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس معاملے کے خلاف کل درخواست دائر کی جائے گی اور پی ٹی آئی نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ نظام چلتا رہے اور جمہوریت پٹری پر قائم رہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ عناصر کوشش کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی پارلیمان سے باہر نکلے اور مزید پارلیمانی کردار ادا نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی، سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد اور پی ٹی آئی کے احتجاجی اعلان نے سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کردیا ہے۔ اب نظریں اس بات پر ہیں کہ توہین عدالت کی درخواست کے بعد عدالتی محاذ پر کیا پیش رفت ہوتی ہے اور پی ٹی آئی کا احتجاج کس رخ اختیار کرتا ہے۔



