افواہیں دم توڑ گئیں!عمران خان پمز سے اڈیالہ جیل واپس، طبی معائنے کے بعد صحت مند قرار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اہم انکشاف کرتے ہوئے تصدیق کردی کہ عمران خان کو رات گئے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے تفصیلی طبی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دے دیا۔
عطا تارڑ کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب سخت حفاظتی انتظامات میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں الشفا اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے راستے اور اسپتال کے باہر پیدا کی گئی سکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز منتقل کردیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پمز میں ماہرِ امراض چشم، ماہرِ امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے عمران خان کا معائنہ کیا، جبکہ الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی طبی معائنے کے دوران موجود رہے۔
عطا تارڑ کے مطابق عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی علاج اور طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔
سب سے اہم پیش رفت یہ سامنے آئی کہ طبی معائنے کے بعد عمران خان کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ عمران خان کو اس سے قبل بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی جب انہیں ضرورت پیش آئے گی، انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عمران خان کو رات کی تاریکی میں اچانک اسپتال منتقلی اور چند گھنٹوں بعد دوبارہ اڈیالہ جیل واپسی کی خبر نے سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کے درمیان حکومت کی جانب سے انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیے جانے کی تصدیق اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔



