کمال ہوگیا! دلہا، دلہنیں، پادری اور معاونین سب جڑواں، بھارت میں انوکھی شادی

کیرالہ (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت کی ریاست کیرالہ میں ایک ایسی انوکھی شادی نے سب کو حیران کردیا جس میں صرف دلہا اور دلہنیں ہی جڑواں نہیں تھیں بلکہ شادی کی رسومات ادا کرانے والے پادری اور ان کے معاونین بھی جڑواں تھے۔

کیرالہ میں جڑواں بھائیوں اکھیل تھامس اور نکہیل تھامس نے جڑواں بہنوں میگی میری اور ماری میری کو اپنی شریکِ حیات منتخب کیا اور دونوں جوڑوں نے ایک ہی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔

حیرت کی انتہا اس وقت ہوئی جب شادی کی مذہبی رسومات بھی جڑواں پادریوں نے مکمل کرائیں، جبکہ جڑواں بھائی جیرون جیمز اور جوہون جیمز نے پادریوں کی معاونت کی۔

یعنی اس منفرد تقریب میں دلہا، دلہنیں، پادری اور معاونین سمیت جڑواں افراد کے چار جوڑے موجود تھے، جس نے شادی کو غیر معمولی اور یادگار بنا دیا۔

اکھیل تھامس کے مطابق تقریب میں جڑواں افراد کے چار جوڑوں کی موجودگی محض اتفاق نہیں تھی بلکہ اس کے پیچھے برسوں کی منصوبہ بندی شامل تھی۔

نکہیل تھامس نے بتایا کہ دونوں بھائیوں نے پہلے ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ جڑواں بہنوں سے ہی شادی کریں گے۔ ان کے خاندان نے تقریباً تین برس تک کوششیں کیں، جس کے بعد ان کے لیے مناسب جڑواں دلہنیں تلاش کی گئیں۔

منفرد شادی کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی حیران رہ گئے، جہاں صارفین کی جانب سے اس شادی کو "ٹوئن ویڈنگ” اور یادگار اتفاق قرار دیا جارہا ہے۔

یوں کیرالہ کی یہ شادی محض دو خاندانوں کا ملاپ نہیں بلکہ جڑواں افراد کے چار جوڑوں کی ایک ایسی نایاب تقریب بن گئی جس نے سوشل میڈیا پر بھی دھوم مچا دی۔

مزید خبریں

Back to top button