پاسپورٹ آفس میں بڑافراڈ بے نقاب،سپرنٹنڈنٹ سمیت4ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) ہربنس پورہ پاسپورٹ آفس میں مبینہ کرپشن اور غیرقانونی پاسپورٹ بنانے کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفار سمیت 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی پاسپورٹ آفس کے اندر اور باہر مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئی۔ گرفتار ہونے والوں میں سابق کنٹریکٹ ملازم انصار، سیکیورٹی گارڈ زبیر اشفاق اور ایجنٹ مبشر محمود بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر سادہ لوح شہریوں کو غیرقانونی طریقے سے پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورتے تھے، جبکہ پاسپورٹ آفس کے اندر موجود بعض عناصر کی مبینہ ملی بھگت سے شہریوں کو سرکاری طریقہ کار سے ہٹ کر سہولت فراہم کرنے کا دھندا جاری تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مبینہ پاسپورٹ فراڈ کے پورے نیٹ ورک کی کڑیاں تلاش کرنے کے لیے تحقیقات تیز کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ اس مبینہ نیٹ ورک میں مزید کون کون سے افراد شامل ہیں اور شہریوں سے حاصل کی گئی رقوم کہاں تک پہنچتی رہی ہیں۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ پاسپورٹ فراڈ اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ہربنس پورہ پاسپورٹ آفس میں ہونے والی اس کارروائی نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کے ساتھ مبینہ فراڈ اور سرکاری اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔



