عمران خان کی اسپتال منتقلی؟جیل میں معائنہ مکمل،شفاانٹرنیشنل کے باہرسکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، انہیں آج ہی اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ اطراف میں موجود گاڑیوں کو لفٹرز کے ذریعے ہٹایا جارہا ہے۔ اسپتال کے اطراف سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
عمران خان کے علاج کیلئے اسپتال میں خصوصی طبی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اسپتال پہنچنے کے بعد ایمرجنسی میں طبی معائنہ کرایا جائے گا، جس کیلئے 6 ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ان کا چیک اپ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم فیصلہ کرے گی کہ عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ اگر انہیں ایڈمٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس حوالے سے بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل ٹیم میں ماہر امراض قلب جرنل میڈیسن ، ماہر امراض چشم شامل ہوں گے، شفاء کی میڈیکل ٹیم بانی پی ٹی آئی کے ہسپتال پہنچتے ہی معائنہ کرے گی۔
عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کی نگرانی میں اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہی دیر میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کیلئے روانہ کیا جائے گا ۔
علیمہ خان اور قاسم زمان گیٹ نمبر پانچ کے باہر کھڑے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر وفاقی پولیس کو الرٹ کردیا گیا، پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں نفری کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا۔شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ایک حصے کو سب جیل قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشاورت مکمل ہوتے ہی سب جیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا، جسے چیف کمشنر اسلام آباد جاری کریں گے۔بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے پیش نظر آئی جی پولیس سمیت دیگر اعلیٰ افسران شفا انٹرنیشنل ہسپتال پہنچ گئے، جہاں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں موجود افسران کی جانب سے آئی جی پولیس کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جارہی ہے۔بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔



