اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ سے رابطہ، علاقائی چار فریقی اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں حالیہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
گفتگو کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسحاق ڈار کو پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے آئندہ چار فریقی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ اجلاس رواں ماہ کے اواخر میں ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہوگا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دعوت قبول کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کردی۔
وزارت خارجہ کے مطابق چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔