60 سالہ شاندار تدریسی خدمات کا اختتام، استاد غلام محمد محمدانی کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی کے فرض شناس، محنتی اور قابل منتظم استاد غلام محمد محمدانی نے اپنی ملازمت کے 60 سال خلوص، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی۔

اس موقع پر اسکول کے تمام اسٹاف کی جانب سے ان کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ اسکول اسمبلی کے دوران غلام محمد محمدانی کا پھولوں اور تالیوں کی گونج میں استقبال کیا گیا، جبکہ اساتذہ نے انہیں ہار، اجرک اور لوئیاں پیش کرکے خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری تھرپارکر شمس الدین راٹھوڑ، ڈی ای او پرائمری نصراللہ ساہڑ، ڈی ای او لٹریسی ارجن لال سوٹہڑ، ماہر تعلیم انور ساہڑ، کنگھار سنگھ، ہوتچند لکانی، کیلاش لوڑھا، نصیر کنبھر، کاٹاؤ جانی، گسٹا تھرپارکر کے صدر جیتیش راٹھی، چھنو مل، بھیشم کوٹھاری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے غلام محمد محمدانی کی 60 سالہ تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایمانداری، سچائی اور ادارے سے وفاداری کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے اور تدریس کو محض ملازمت نہیں بلکہ عبادت سمجھ کر ذمہ داریاں نبھائیں۔

اس موقع پر مقررین اور شرکاء نے ریٹائر ہونے والے استاد کے لیے اچھی صحت، عزت اور خوشحال زندگی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی کے اسٹاف کی جانب سے روایتی انداز میں ریلی کی صورت میں غلام محمد محمدانی کو ان کے آبائی شہر ڈیپلو تک الوداع کیا گیا۔

ڈیپلو پہنچنے پر ان کے اہلِ خانہ اور برادری کی جانب سے اساتذہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو لنگیاں اور لوئیاں پہنائی گئیں جبکہ پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

آخر میں غلام محمد محمدانی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور ان کی طویل تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button