انمول عرف پنکی کیس، مبینہ سہولت کاروں نے ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) انمول عرف پنکی کی مبینہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار شریک ملزمان ذیشان اور سہیل نے ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 26 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ذیشان اور سہیل مائیکرو فنانسنگ کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کا انمول عرف پنکی یا مبینہ منشیات فروشی سے کوئی تعلق نہیں۔ وکیل کے مطابق دونوں افراد مقدمے میں نامزد ملزمان بھی نہیں ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے پیش کیا جانے والا ٹرانزیکشن ریکارڈ بدنیتی پر مبنی ہے، جبکہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری سے قبل درخواست گزاروں کو اس کے مبینہ منشیات کے کاروبار سے متعلق کوئی علم نہیں تھا۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ دونوں افراد کو مبینہ طور پر ان کے گھروں سے اٹھانے کے بعد مقدمے میں شامل کیا گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ سیشن عدالت پہلے ہی دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرچکی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی۔



