پاکستان کے طالب علموں کیلئے گوگل جیمنائی کی سبسکرپشن فری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں اپنے پہلے مقامی دفتر کے قیام کے ساتھ گوگل نے پاکستانی طلبہ کے لیے بھی بڑا اعلان کردیا۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے بتایا کہ کمپنی پاکستان کے تمام طلبہ کو گوگل جیمنائی کی ایک سالہ سبسکرپشن مفت فراہم کرے گی۔

ولسن وائٹ کے مطابق اس سہولت کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے، جس کے بعد پاکستانی طلبہ گوگل کی مصنوعی ذہانت کی سروس سے ایک سال تک مفت استفادہ کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔

گوگل کے نائب صدر کے مطابق گزشتہ 10 برسوں کے دوران کمپنی نے پاکستان میں مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا، جبکہ گوگل کے ایکو سسٹم نے 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سہارا دیا۔

ولسن وائٹ نے پاکستان میں گوگل کے مستقبل کے منصوبوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ تو صرف ابتدا ہے۔‘‘

تقریب کے بعد وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوگل کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔

مزید خبریں

Back to top button