سعودی عرب میں سکیورٹی الرٹ، امریکی سرکاری ملازمین کو طائف اور ینبع سفر کیلئے خصوصی اجازت لازم

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں جاری سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر امریکی سفارتی مشن نے طائف اور ینبع کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے امریکی سرکاری ملازمین کے سفر پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکی مشن کے مطابق سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری ملازمین کو طائف اور ینبع کے سرکاری اور ذاتی سفر کے لیے خصوصی اجازت لینا ہوگی۔ امریکی شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کے لیے سفری ہدایت بھی جاری کر رکھی ہے، جس میں امریکی شہریوں کو سفر کے حوالے سے احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکام کے مطابق 19 ستمبر کو حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاع نے روک لیا تھا، جبکہ بیشہ، طائف، فرسان اور ینبع میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی بھی اطلاع دی گئی تھی۔
امریکی مشن نے سعودی عرب میں موجود اپنے شہریوں کو فضائی حملے کی صورت میں کھڑکیوں اور شیشے کے دروازوں سے دور رہنے، بڑے اجتماعات سے گریز کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔



