SCO سمٹ 2027: اسحاق ڈار کا تیاریوں میں تیزی لانے، انتظامات بروقت مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ 2027 کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں اجلاس کی میزبانی کے لیے جاری ترقیاتی، انفراسٹرکچر اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے SCO اجلاس کے سلسلے میں جاری ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اسحاق ڈار نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور SCO سمٹ کے لیے اعلیٰ ترین معیار کی میزبانی یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ ان کے مطابق اجلاس کی منظم اور کامیاب میزبانی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ تیاریوں کے حوالے سے تمام ادارے باہمی رابطہ اور قریبی تعاون یقینی بنائیں تاکہ ترقیاتی منصوبے اور دیگر انتظامات بروقت مکمل ہوسکیں۔

اجلاس میں اعلیٰ حکام نے SCO سمٹ 2027 کے انتظامات، ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر اور دیگر متعلقہ امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button