ایران کسی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتا، کاظم غریب آبادی

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) نائب ایرانی وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم دباؤ کے سامنے نہیں جھکتی، کسی بیرونی طاقت کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے، ہم اپنے مستقبل اور مقدر کا فیصلہ خود کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ 19 اگست 1953 کو ایرانی قوم کے حقِ خود ارادیت پر ڈاکا ڈالا گیا، اس تاریخی حقیقت کو نہ چھپایا جاسکتا ہے اور نہ ہی فراموش کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی ملک میں بیرونی مداخلت عوام کے حقِ حاکمیت کی خلاف ورزی ہے۔

نائب ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ نسلیں بدل جاتی ہیں لیکن حقیقت ہمیشہ برقرار رہتی ہے، جو ملک اپنا مقدر غیر ملکیوں کے سپرد کرتا ہے اسے بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران آج اپنے مستقبل اور مقدر کا فیصلہ خود کرتا ہے اور کسی بیرونی طاقت کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتا۔ ایرانی قوم دباؤ، مطالبات اور دھمکیوں کے سامنے مزید مضبوطی سے کھڑی ہوتی ہے۔

کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران کی خودمختاری اور حقِ خود ارادیت کے تحفظ کے لیے مزاحمت جاری رہے گی، جبکہ ماضی کی غیر ملکی مداخلت کو یاد رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 19 اگست 1953 کو امریکا اور برطانیہ نے خانہ جنگی پیدا کرکے محمد مصدق کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button