پشاور سے دیگر اضلاع کے درمیان موٹر وے کے ذریعے بین الاضلاعی بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا منصوبہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پشاور سے دیگر اضلاع کے درمیان موٹر وے کے ذریعے بین الاضلاعی بی آر ٹی سروس شروع کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔
حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت پشاور کو نوشہرہ، مردان، صوابی اور چارسدہ سے بی آر ٹی طرز کی جدید بس سروس کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں مجوزہ روٹس، منصوبے کی لاگت اور بی آر ٹی اسٹیشنز کے لیے موزوں مقامات کا تعین کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے پر بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانا جی ٹی روڈ کے مقابلے میں نسبتاً آسان ہوگا، جبکہ مجوزہ سروس سے پشاور اور ملحقہ اضلاع کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو جدید سفری سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔
فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد منصوبے کی لاگت، روٹس، اسٹیشنز اور دیگر تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق بین الاضلاعی بی آر ٹی منصوبے کا بنیادی مقصد پشاور اور دیگر اضلاع کے درمیان جدید، تیز رفتار اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ کا مربوط نظام قائم کرنا ہے۔



