ننکانہ صاحب پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں، کروڑوں کا مال مسروقہ برآمد

ننکانہ صاحب (جانو ڈاٹ پی کے) ضلع پولیس ننکانہ صاحب نے ماہ جولائی 2026 میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 ڈکیت گینگز کے 34 ارکان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ اور نقدی برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 97 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 76 کلو 685 گرام چرس، 5 کلو 460 گرام آئس اور 1490 لیٹر شراب برآمد کرکے مقدمات درج کیے گئے۔

ضلع پولیس ننکانہ صاحب نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 90 مقدمات درج کیے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 78 پسٹل، 4 کلاشنکوف، 3 بندوقیں، 5 رائفلیں اور 254 گولیاں و کارتوس برآمد کیے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button