ہربنس پورہ حادثہ: 5 نوجوان جاں بحق، دو کی تدفین پیر کو ہوگی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ہربنس پورہ میں ٹریفک حادثے میں پانچ نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد جاں بحق ہونے والے سبزہ زار کے رہائشی فرقان اور نعمان کی تدفین پیر کے روز ہوگی۔
لواحقین کے مطابق نعمان کے والد بیرون ملک مقیم ہیں، ان کی آمد کے بعد تدفین کی جائے گی، جبکہ جاوید کی میت ورثا سیالکوٹ لے گئے ہیں جہاں اس کی تدفین ہوگی۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ نعمان، فرقان اور جاوید تینوں قریبی رشتے دار تھے۔ چاروں بچے اہلخانہ کو بتائے بغیر گھر سے گاڑی لے کر نکلے تھے۔
اہلخانہ کے مطابق بچے صبح 4 بجے گاڑی لے کر تاجپورہ سے روانہ ہوئے اور تقریباً دو گھنٹے بعد صبح 6 بجے حادثہ پیش آیا۔ گاڑی جاوید چلا رہا تھا، جبکہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔
لواحقین نے بتایا کہ نعمان اور فرقان کے ماموں رزاق بھی ایک روز قبل حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے، جن کی نماز جنازہ آج صبح ادا کردی گئی۔
حادثے کے باعث متاثرہ خاندانوں میں ایک ہی وقت میں متعدد اموات کے باعث سوگ کی فضا قائم ہے۔



