بورے والا میں دو موٹر سائیکلیں ٹکرا گئیں

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو/جانو ڈاٹ پی کے) عارف بازار، ڈاکخانہ چوک بورے والا میں دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور دو معصوم بچے سڑک پر گر گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں فیملی موٹر سائیکل سے گر گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔
حادثے میں خاتون اور بچوں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں موقع پر موجود شہریوں نے فوری طور پر اٹھایا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
واقعے کے بعد موقع پر کسی قسم کا تنازع یا جھگڑا پیدا نہیں ہوا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہی۔
شہریوں نے موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری سے گریز کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔



