پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے سے خطرہ نہیں، ایران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے سے ایران کو کوئی خطرہ نہیں، خطے میں امریکی سکیورٹی کی ناکامی کے بعد نئے دفاعی معاہدے وجود میں آ رہے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ باہمی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی سکیورٹی کی ناکامی کے بعد خطے کے ممالک نئے دفاعی معاہدے کر رہے ہیں۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کھولا جا سکتا ہے، جبکہ امریکا مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں۔ ان کے مطابق نیا علاقائی اتحاد اس بات کا اظہار ہے کہ امریکی سکیورٹی گارنٹی قابلِ اعتبار نہیں۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک جان چکے ہیں کہ سکیورٹی کوئی ایسی شے نہیں جو جھوٹے بروکروں سے خریدی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق پر مبنی اور دشمن کی درست نشاندہی کرنے والا ہر معاہدہ علاقائی سلامتی کے لیے اہم ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ درست حکمتِ عملی اختیار کرکے خطے میں عدم استحکام کی روک تھام ممکن ہے۔

مزید خبریں

Back to top button