بھارت میں حیران کن انکشاف، بی جے پی رکن اسمبلی کا داماد 25 خواتین سے شادی اور کروڑوں کے فراڈ کے الزام میں گرفتار

لکھنؤ (ویب ڈیسک)بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں بی جے پی کے رکن اسمبلی گیان تیواری نے اپنے داماد پر جعلی شناخت استعمال کرکے تقریباً 25 خواتین سے شادیاں کرنے اور انہیں مبینہ طور پر دھوکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
گیان تیواری کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی 2024 میں پرکھر تریویدی نامی شخص سے ہوئی تھی، جس نے خود کو ممبئی میں مقیم رئیل اسٹیٹ کاروباری ظاہر کیا۔ رکن اسمبلی کا دعویٰ ہے کہ داماد نے اپنی مبینہ سابقہ شادیوں اور مجرمانہ پس منظر کو چھپاتے ہوئے ان کی بیٹی سے شادی کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیان تیواری کو شادی کے دو سال سے زائد عرصے بعد سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پرکھر تریویدی کی مبینہ سرگرمیوں کا علم ہوا۔ ان کا الزام ہے کہ پرکھر نے مختلف ریاستوں میں جعلی شناخت استعمال کرکے متعدد خواتین سے شادیاں کیں اور انہیں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچایا۔
شکایت سامنے آنے کے بعد اترپردیش پولیس نے مقدمہ درج کرکے پرکھر تریویدی اور اس کے والد انوج تریویدی کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کی جانب سے معاملے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
گیان تیواری نے اپنی بیٹی کو واپس گھر لانے اور مبینہ ملزمان سے تمام سماجی و ذاتی تعلقات ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تاہم تقریباً 25 خواتین سے شادی، جعلی شناخت کے استعمال اور کروڑوں روپے کے نقصان سے متعلق الزامات تاحال تحقیقات کا حصہ ہیں اور ان کی حتمی قانونی تصدیق ہونا باقی ہے۔ پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی معاملے کے تمام حقائق واضح ہوسکیں گے۔



