ایم ڈی کیٹ 2026 ملتوی، امتحان اب 16 اگست کے بجائے 20 ستمبر کو ہوگا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 امتحان کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، جس کے بعد امتحان اب 16 اگست کے بجائے 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے امتحان کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحان ری شیڈول کرنے کا مقصد امیدواروں کو تیاری کے لیے مزید وقت فراہم کرنا اور امتحان کے انعقاد کو شفاف، محفوظ اور منظم بنانا ہے۔

پی ایم ڈی سی حکام کے مطابق امتحان کی تاریخ میں تبدیلی صرف امیدواروں کی سہولت اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے، جبکہ امتحان کے دیگر تمام قواعد و ضوابط، شرائط اور انتظامات بدستور برقرار رہیں گے۔

کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ امتحان سے متعلق مزید معلومات، شیڈول اور آئندہ اپ ڈیٹس کے لیے پی ایم ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

نئی تاریخ کے اعلان کے بعد امیدواروں کو اپنی تیاری مکمل کرنے کے لیے ایک ماہ سے زائد اضافی وقت مل گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button