الیکشن کمیشن کا ارکانِ پارلیمنٹ کے مالی گوشواروں کی خود چھان بین کا فیصلہ، ترمیم کی تجویز جاری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منتخب ارکانِ پارلیمنٹ کے مالی امور میں شفافیت لانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ان کے اثاثوں اور مالی گوشواروں کی چھان بین خود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس مقصد کی خاطر الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 137 میں ایک نئی شق شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت کمیشن کو پارلیمنٹرینز کے اثاثوں کی براہِ راست جانچ پڑتال کا قانونی اختیار حاصل ہو جائے گا۔ مجوزہ ترمیم کی رو سے اگر کسی رکنِ پارلیمنٹ کے مالی گوشوارے اس کے معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھیں گے تو الیکشن کمیشن کے پاس اس کے خلاف براہِ راست کارروائی کا اختیار ہوگا۔

مزید برآں، اس تجویز میں یہ بھی شامل ہے کہ بینکوں، سرکاری اداروں اور متعلقہ محکموں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کردہ معلومات فراہم کرنا لازمی ہوگا اور مقررہ وقت پر معلومات نہ دینے والے ادارے قانونی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائیں گے، جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے اس مجوزہ ترمیم کو عوامی رائے کے لیے جاری کر دیا ہے اور 15 اگست تک اعتراضات و تجاویز طلب کی ہیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد ترمیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button