مٹھی میں چہلم کا ماتمی جلوس،عزاداروں کی بڑی تعداد میں شرکت،سکیورٹی کے سخت انتظامات

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی میں امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں چہلم کا ماتمی جلوس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا، جس کے دوران شہر کی گلیاں اور سڑکیں ’’یا حسینؓ‘‘ کی صداؤں سے گونج اٹھیں۔ چہلم کے موقع پر ماتمی جلوس امام بارگاہ سائیں ملوک شاہ سے برآمد ہوا، جو شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا گشت کرتے ہوئے اپنے مقررہ روٹ سے گزرا۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امام حسینؓ کی عظیم قربانی اور درسِ حسینیت کو یاد کیا۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں دادو مراد علی بجیر، گل محمد بجیر اور اکبر علی بجیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی چہلم کے موقع پر شہدائے کربلا اور اہلِ بیت کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی جانب سے دیے گئے درسِ حق اور قربانی کی پیروی ہی حقیقی درسِ حسینیت ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگيرانی اور ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے مٹھی شہر کا دورہ کرکے جلوس کی سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی، صفائی، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے تھرپارکر پولیس کے ساتھ لیڈی پولیس اہلکار اور پاکستان رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے، جبکہ ریسکیو 1122 اور سول اسپتال مٹھی کا عملہ ایمبولینس سمیت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہا۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کرکے جلوس کے روٹ اور انتظامات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انتظامیہ کے مطابق جلوس کے پُرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں اور شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات برقرار رکھے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، تاکہ امام حسینؓ کا چہلم عقیدت، احترام اور امن کے ساتھ منایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button