لاڑکانہ میں چہلمِ امام حسینؑ مذہبی عقیدت و احترام سے جاری، سیکیورٹی کا سخت ترین حصار، 2 ہزار اہلکار تعینات

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم مبارک انتہائی مذہبی عقیدت، احترام اور زبردست امن و امان کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ضلع بھر میں منعقد ہونے والی 65 مجالس اور برآمد ہونے والے 44 چھوٹے بڑے ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کی ہدایت پر سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کرتے ہوئے 2 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے، جن میں 100 سے زائد لیڈیز پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سندھ رینجرز کے دستے بھی پولیس کے شانہ بشانہ گشت اور پہرہ دے رہے ہیں۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے اور ویڈیو ریکارڈنگ کا انظام کیا گیا ہے، جبکہ ایک جوائنٹ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مرکزی ماتمی جلوس سہ پہر کے وقت تاریخی جاڑل شاہ امام بارگاہ سے برآمد ہوگا، جو اپنے مقررہ اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پاکستان چوک پر جا کر اختتام پذیر ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مرکزی اور جلوس کی گزرگاہوں کو خاردار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ شہریوں اور عزادارانِ حسینؑ کی سہولت کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ جلوسوں کے تمام راستوں پر میڈیکل کیمپس، ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ شہر بھر میں شہریوں اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے نیاز و لنگر کی تقسیم کا سلسلہ روح پرور انداز میں جاری ہے۔



