معروف اینکر اقرار الحسن کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) معروف ٹی وی اینکر اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق رات تقریباً 3 بجے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار اقرار الحسن کو ان کے گھر سے اپنے ساتھ لے گئے۔ اہل خانہ کی جانب سے بھی رات گئے ان کی گرفتاری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اہلکاروں کے ہمراہ خواتین اہلکار بھی موجود تھیں، جن کے بیجز پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) درج تھا۔
نجی ٹی وی کے اینکر پرسن وسیم بادامی نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں اقرار الحسن کی گرفتاری سے متعلق اطلاعات موصول ہونے کی تصدیق کی۔ وسیم بادامی ماضی میں اقرار الحسن کے ساتھ متعدد پروگراموں میں کام کر چکے ہیں۔
اقرار الحسن نجی ٹی وی کے سابق اینکر ہونے کے ساتھ سیاسی جماعت پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ بھی ہیں۔
تاحال اقرار الحسن کو حراست میں لیے جانے کی وجوہات، ان کے خلاف کسی مقدمے یا قانونی کارروائی کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔



