بھومی پیڈنیکر کا نیا بیان بھی تنقید سے نہ بچ سکا،سوشل میڈیا صارفین نے”ڈیمیج کنٹرول” کا الزام لگا دیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے خواتین مظاہرین کو دی جانے والی ریپ کی دھمکیوں کی مذمت کی ہے۔ اداکارہ کے اس بیان کو انٹرنیٹ صارفین نے ڈیمیج کنٹرول قرار دیا۔

یاد رہے کہ بھومی پیڈنیکر نے دہلی میں مظاہرہ کرنے والوں پر تنقید کی تھی۔

اس سے قبل 37 سالہ بھومی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کیے جانے پر تنقید کی تھی۔ اب انہوں نے ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں مظاہرہ کرنے والی ایک خاتون کو آن لائن ہراساں کیے جانے کی مذمت کی گئی ہے۔ خاتون کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والی بھومی نے اس نوجوان لڑکی اور دیگر خواتین مظاہرین کو دی جانے والی زیادتی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ویڈیو میں بھومی کا کہنا ہے کہ میں نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں احتجاج میں شریک ایک نوجوان لڑکی انٹرویو دے رہی تھی اور وہ واضح طور پر ٹوٹی ہوئی اور خوفزدہ نظر آ رہی تھی۔ اس کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے اسے مسلسل زیادتی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، حتیٰ کہ اس کی والدہ کو بھی ایسی ہی دھمکیوں کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بالکل ناقابل قبول ہے، صرف اس لیے کہ ہم کسی کی رائے سے اتفاق نہیں کرتے، ہمیں کسی نوجوان لڑکی کو ہراساں کرنے یا اس کے ذہن میں خوف پیدا کرنے کا کوئی حق نہیں۔

ٹوائلٹ ایک پریم کتھا (2017) سے شہرت حاصل کرنے والی بھومی کے مطابق ایک عورت ہونے کے ناطے ہمیں ویسے ہی بہت زیادہ ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ایک پبلک فیگر ہوتے ہوئے میں خود بھی اس تجربے سے گزر چکی ہوں۔ ہم سب صرف یہی چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک ترقی کرے اور جب ہم اتحاد کے ساتھ، درست انداز میں، صحیح مطالبات کریں گے تو یقیناً درست ترقی دیکھنے کو ملے گی۔ میں صرف یہ بات آپ سب کے ساتھ شیئر کرنا چاہتی تھی۔

اس نئی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین بھومی کی اس وضاحت کو ’’ڈیمیج کنٹرول‘‘ قرار دے رہے ہیں، جسے ان کے پہلے بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنی ساکھ بچانے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، اچھا ڈیمیج کنٹرول ہے۔ ایک اور نے لکھا، دیدی کو شاید اب احساس ہوا کہ کہیں ان کے ناظرین ہی نہ کم ہو جائیں۔ ایک صارف نے کہا یہی ویڈیو آپ کی پہلی ہونی چاہیے تھی، اب تو یہ صرف ڈیمیج کنٹرول لگ رہی ہے۔

اس سے قبل اپنی ایک ویڈیو میں بھومی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے پر تنقید کی تھی۔ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے ان پر سلیکٹو آئوٹ ریج  دکھانے کا الزام لگایا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button