52 سال بعد ننھی پری کی ”کلکاریاں” خاندان خوشی سے نہال۔۔۔۔۔!

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں ایک خاندان کے ہاں 52 سال بعد پہلی بیٹی کی پیدائش نے خوشیوں کا سماں باندھ دیا، جبکہ اس یادگار موقع کی جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاندان میں گزشتہ 52 برس کے دوران کسی بیٹی کی پیدائش نہیں ہوئی تھی، تاہم طویل انتظار کے بعد ننھی مہمان کی آمد نے پورے خاندان کو خوشیوں سے بھر دیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نومولود بچی کے گھر پہنچتے ہی اہلِ خانہ اور رشتہ دار ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دے رہے ہیں، جبکہ کئی افراد خوشی سے آبدیدہ بھی ہو جاتے ہیں۔ خاندان کے افراد نے بچی کا پرتپاک استقبال کیا اور اس خوشی کو یادگار انداز میں منایا۔
سوشل میڈیا صارفین بھی اس ویڈیو کو بے حد پسند کر رہے ہیں اور بیٹی کی پیدائش کو خوش نصیبی، رحمت اور خاندان کے لیے نئی امید قرار دیتے ہوئے مبارکباد کے پیغامات دے رہے ہیں۔



