پنجاب کاونٹر ٹیررازم کی کارروائیاں، 2 ماہ میں 5 مبینہ را ایجنٹس سمیت 54 دہشت گرد گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبے بھر میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 5 مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے ایجنٹس سمیت 54 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف اضلاع میں کی گئیں۔ گرفتار افراد کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 12 آئی ای ڈیز، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال، جمشید اور دیگر شامل ہیں، جو مبینہ طور پر مختلف مقامات پر دہشت گردی اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ 1 ہزار 193 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button