خلیجِ عمان میں آئل ٹینکر پر پراسرار حملہ،سمندری کشیدگی مزید بڑھ گئی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) خلیجِ عمان میں سمندری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں عمان کے ساحلی شہر لیما کے قریب ایک آئل ٹینکر نامعلوم سمت سے داغے گئے پروجیکٹائل کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔

برطانیہ کی بحری آمدورفت کی نگرانی کرنے والی تنظیم یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے مطابق حملہ عمان کے شہر لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا۔

جہاز کی مالک کمپنی کے سکیورٹی افسر نے بتایا کہ حملے میں آئل ٹینکر کے انجن روم کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث جہاز اپنی سمت برقرار رکھنے اور سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔

حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ کوسٹ گارڈ کو دے دی گئی ہے، جبکہ حملے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نہ ہی سمندر میں تیل کے رساؤ کی کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے خلیجِ عمان اور قریبی سمندری راستوں سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور اس کے اطراف سمندری کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران خلیجِ عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد تجارتی جہاز حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جبکہ امریکا نے جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ کے نام پر خطے میں اپنے بحری جنگی جہاز تعینات کر رکھے ہیں۔

تاحال کسی گروہ یا ملک نے آئل ٹینکر پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت بھی سامنے نہیں آ سکی۔

مزید خبریں

Back to top button