پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، خواتین کا بااختیار ہونا ہماری ترجیح ہے، مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس، ترقی اور عوامی خدمت میں ملک کے دیگر صوبوں سے آگے ہے، اور پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی ہونہار اور باہمت بیٹیوں کو دیکھ کر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ہفتوں کی سخت تربیت مکمل کرنے والی خواتین افسران اور ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ خواتین آج ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور پنجاب حکومت انہیں مزید بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکوٹی اسکیم اور دیگر سہولتوں کی بدولت خواتین کے لیے تعلیم، روزگار اور نقل و حرکت آسان ہوئی ہے، جبکہ بہت سی خواتین ٹیکسی چلا کر باعزت روزگار بھی کما رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی پہننا ایک اعزاز کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی ہے، اس لیے فرائض کی ادائیگی میں احساسِ ذمہ داری اور عوامی خدمت کا جذبہ لازمی ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور حکومت کی اولین ترجیح پنجاب کو خواتین کے لیے مزید محفوظ بنانا ہے تاکہ ہر گلی، محلے اور شہر میں خواتین خود کو محفوظ محسوس کریں۔

انہوں نے عثمان انور  سے درخواست کی کہ خواتین کی پولیس میں بھرتی کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کے ساتھ براہِ راست رابطے میں رہتی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی میں کی جانے والی سرمایہ کاری مستقبل میں پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنائے گی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین افسران نے پریڈ کے دوران اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button