ایس ایس یو کے 50 کمانڈوز ایک سال کیلئے ایف آئی اے میں تعینات، 25 لیڈی کمانڈوز بھی شامل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے 50 کمانڈوز کو ایک سال کے لیے ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کر دیا گیا ہے، جن میں 25 لیڈی کمانڈوز بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے ڈیپوٹیشن پر جانے والے کمانڈوز سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر منتظر مہدی نے ایس ایس یو کا دورہ کیا اور کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیت کو سراہا۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز کی ایف آئی اے میں تعیناتی دونوں اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ انتظام ایف آئی اے کی درخواست پر عمل میں لایا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر 50 ایس ایس یو کمانڈوز ایک سال تک خدمات انجام دیں گے، جبکہ اس مدت کے بعد مزید 50 کمانڈوز کو بھی ایک سال کے لیے ایف آئی اے میں تعینات کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button