بدین: صوبائی محتسب سندھ کے زیراہتمام خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کے قانون پر آگاہی سیمینارکا انعقاد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)سندھ کے صوبائی محتسب کی ریجنل آفیس کے زیرِ اہتمام لاڑ انسٹیٹیوٹ آف پیرا میڈکس اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز بدین میں "کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ (ایکٹ IV، 2010)” کے حوالے سے ایک جامع آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا سیمینار کا مقصد طلبہ اساتذہ، انتظامی عملے اور دیگر ملازمین کو کام کی جگہ پر خواتین کے قانونی تحفظ، ملازمین کے حقوق اور محفوظ، باوقار اور مساوی پیشہ ورانہ ماحول سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلیم رضا بلوچ نے شرکاء کو ایکٹ IV، 2010 کے قانونی ڈھانچے، اہم دفعات اور ہراسگی کی روک تھام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کا بنیادی مقصد خواتین کے خلاف ہراسگی اور امتیازی سلوک کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ وہ عزت، اعتماد اور ذہنی سکون کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں انہوں نے کہا کہ ہراسگی کے خاتمے کے لیے خاموشی توڑنا پہلا اور اہم ترین قدم ہے۔ انہوں نے شکایت درج کرانے کے قانونی طریقہ کار ادارہ  جاتی انکوائری کمیٹی کے کردار اور صوبائی محتسب کے دفتر میں شکایت دائر کرنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون شکایت کنندہ کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھنے اور ہر قسم کی انتقامی کارروائی سے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے سیمینار میں لاڑ انسٹیٹیوٹ آف پیرا میڈکس اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، بدین کی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور دیگر عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ادارے کی انتظامیہ نے آگاہی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہر قسم کی ہراسگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر اپنے عزم کا اعادہ کیا اور محفوظ، باوقار اور مساوی تعلیمی و پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی کے عزم کو دہرایا پروگرام کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے قانون کے مختلف پہلوؤں سے متعلق سوالات کیے اور ماہرین سے تفصیلی وضاحتیں حاصل کیں۔

مزید خبریں

Back to top button