سعودی عرب میں حملوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر متعدد امریکی شہری گرفتار

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے الزام میں متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، امریکی سفارت خانے نے گرفتاریوں کی تصدیق کردی، تاہم زیرِ حراست افراد کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔

عرب نیوز کے مطابق ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ بعض امریکی شہریوں کو حالیہ واقعات کی تصاویر بنانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ سفارت خانے نے شہریوں کو سعودی عرب میں سکیورٹی سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں، ان کے اثرات اور حملوں کے مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا، متعلقہ معلومات شائع کرنا یا سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔

سفارت خانے نے سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری ملازمین کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، جن کے تحت انہیں مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے کو استعمال کرنے سے قبل امریکی حکام سے اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

اس کے علاوہ سعودی عرب میں موجود امریکی شہریوں کو ہوائی اڈوں پر سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتنے اور مقامی سکیورٹی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

حالیہ ہدایات کے تناظر میں سعودی عرب میں سکیورٹی سے متعلق واقعات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے یا انہیں آن لائن شیئر کرنے کے معاملے پر خصوصی احتیاط کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button