شمالی کوریا کا ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل کا تجربہ، ایک ماہ میں چوتھی بار میزائل داغ دیے

پیونگ یانگ(ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جس کے ذریعے میزائل کے ایک اہم بنیادی جزو کی تکنیکی صلاحیت میں بہتری کی تصدیق کی گئی ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق میزائل تجربے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم اسے میزائل نظام کی تکنیکی اپ گریڈیشن میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنوبی کوریا کی فوج نے اطلاع دی تھی کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل کے قریب سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا چوتھا میزائل تجربہ ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے دفاعی صنعت سے متعلق ایک میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملک کے ہتھیاروں کو مزید جدید بنانے اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایشیا کے دورے کے دوران کم جونگ اُن سے ملاقات کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔ اس بیان کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ممکنہ رابطے اور خطے میں سفارتی پیش رفت سے متعلق توقعات سامنے آئی ہیں۔

شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے اور دفاعی صنعت کو مزید ترقی دینے کے اعلان کے بعد جزیرہ نما کوریا میں فوجی سرگرمیاں اور علاقائی سلامتی کی صورتحال ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button