امریکا پر بھروسہ کرنے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، ایرانی فوج کی خطے کے ممالک کو وارننگ

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی فوج کے سینئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے خطے کے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پر مسلسل انحصار کرنے کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے، ممالک امریکی سکیورٹی ضمانتوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں۔

ایرانی فوج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کے ممالک امریکا کے غیر مؤثر حفاظتی حصار پر انحصار ترک کردیں، کیونکہ واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں اپنی ہی پیدا کردہ دلدل میں مزید دھنستا جا رہا ہے۔

ابوالفضل شکارچی کا کہنا تھا کہ امریکا اس دلدل سے نکلنے کے لیے ایندھن کی اسمگلنگ کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے خطے کے ممالک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی پالیسیوں پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

ایرانی فوج کے سینئر ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا پر انحصار کرکے خود کو ہلاکت کے گڑھے میں نہ دھکیلا جائے۔ ان کے مطابق خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی کے معاملات میں امریکی تحفظ پر مکمل انحصار کرنے کے بجائے متبادل راستوں پر غور کرنا چاہیے۔

ابوالفضل شکارچی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں سلامتی اور علاقائی کشیدگی کے معاملات پر مختلف ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button