پاک بحریہ کے چار کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاک بحریہ کے کموڈور تصور اقبال، کموڈور محمد عمیر، کموڈور شاہد واصف اور کموڈور راؤ احمد عمران انور کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کےمطابق ریئر ایڈمرل تصور اقبال نے 1995ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج، لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے فرانس سے انٹر سروسز اسٹاف کورس بھی کیا ہے۔
اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن میں کمانڈنگ آفسر پی این ایس عالمگیر، کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی اور ریاض (سعودی عرب) میں سینئر پاکستان نیوی آفسر کی تقرریاں شامل ہیں۔
ریئر ایڈمرل تصور اقبال اس وقت کمانڈر ویسٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی اعلٰی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے 1996ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج، لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔
انہوں نے چین سے کمیونیکیشن کمانڈ کورس اور امریکہ سے نیول اسٹاف کالج کورس بھی کیا ہے۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن میں کمانڈنگ آفسر پی این ایس قوت، پی این ایس طارق، پی این ایس تبوک اور کمانڈر 14 ڈسٹرائر اسکواڈرن کی تقرریاں شامل ہیں۔
آپ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز (اسٹریٹجی) کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ریئر ایڈمرل محمد عمیر اس وقت کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل شاہد واصف نے 1996ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج، لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔
انہوں نے برطانیہ سے ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس، کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز، آسٹریلیا سے ڈیفنس اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کورس اور ڈیکن یونیورسٹی آسٹریلیا سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جن میں کمانڈنگ آفسر پی این ایس سیف، ڈپٹی ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز (سٹریٹیجی)، اسسٹنٹ نیول سیکرٹری (آپریشنز)، ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز اور نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول سٹاف کے پرنسپل سیکرٹری کی تقرریاں شامل ہیں۔ ریئر ایڈمرل شاہد واصف اس وقت کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور نے 1996ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج، لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔
انہوں نے برطانیہ سے ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس اور کنگز کالج لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جن میں کمانڈنگ آفسر پی این ایس ضرار، پی این ایس شمشیر، پی این ایس ذوالفقار اور کمانڈر 10 پیٹرول کرافٹ سکواڈرن کی تقرریاں شامل ہیں۔
ایڈمرل راؤ احمد عمران انور نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، نئی دہلی (بھارت) میں نیول ایڈوائزر (پاکستان) اور پاکستان نیوی وار کالج، لاہور میں ڈپٹی کمانڈنٹ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں نیول سیکرٹری کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا ہے۔



