ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا میڈیکل کالج سمیت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ،بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیرِ صدارت اوکاڑہ میڈیکل کالج اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس، انہوں نے مفادِ عامہ کے اہم ترقیاتی منصوبوں بالخصوص اوکاڑہ میڈیکل کالج کی تعمیر و پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ، محکمہ بلڈنگز حکام اور دیگر انتظامی حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کو اوکاڑہ میڈیکل کالج کے تعمیراتی کام کی موجودہ صورتحال، فنڈز کے استعمال، اور دیگر جاری ترقیاتی سکیموں بارے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوکاڑہ میڈیکل کالج ضلع کے عوام کے لیے شاندار منصوبہ ہے۔ اس کی بروقت اور معیاری تکمیل سے نہ صرف مقامی سطح پر بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ اعلیٰ طبی تعلیم کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام جاری سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں



