لبنانی جنگجوؤں کا دفاع ایران کی اسٹریٹجک پالیسی کا حصہ ہے، ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران نے لبنانی جنگجوؤں، بالخصوص حزب اللہ، کی حمایت اور دفاع کو اپنی اسٹریٹجک پالیسی کا حصہ بنا لیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے موصول ہونے والے ایک خط کے جواب میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ سمجھوتے کے لیے اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حزب اللہ اسرائیل کے خلاف ایک مضبوط چٹان کی مانند کھڑی ہے اور اس کی ثابت قدمی خطے میں مزاحمت کی علامت بن چکی ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی استقامت دنیا بھر کی آزاد اقوام کے لیے ایک متاثر کن پیغام ہے، جبکہ عالمی غلبے اور بالادستی کے خلاف جدوجہد کرنے والی اقوام کے لیے بھی یہ ایک قابلِ تقلید مثال بن چکی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور حزب اللہ سے متعلق کشیدگی اور سفارتی سرگرمیاں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button