بحیرہ کیسپیئن میں ایرانی تجارتی جہاز پر حملہ، ایران کا اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین سے فوری کارروائی کا مطالبہ


تہران(ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کلاس سے ٹیلی فونک گفتگو میں بحیرہ کیسپیئن میں ایرانی تجارتی جہاز پر مبینہ یوکرینی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے دفتر کی جانب سے ٹیلی گرام پر جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ بحیرہ کیسپیئن میں ایرانی تجارتی جہاز پر حملہ ایک مجرمانہ اقدام ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل، یورپی یونین اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لیا جائے اور اس کے ذمہ داروں اور ان کے حامیوں کو جواب دہ بنایا جائے۔
گفتگو کے دوران عباس عراقچی اور کایا کلاس نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے، سمندری سلامتی کو یقینی بنانے اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔