اسلام آباد ہائیکورٹ: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں قابلِ سماعت قرار، پراسیکیوشن کا اعتراض مسترد


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے پراسیکیوشن کا اعتراض مسترد کر دیا۔
جسٹس اعظم خان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے قابلِ قبول ہیں۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے دائر متفرق درخواست مسترد کر دی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں قبل از وقت دائر کی گئی ہیں، اس لیے انہیں قابلِ سماعت قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اس اعتراض پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج جاری کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تاہم سزا معطلی کی درخواستوں پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔