مون سون کا تیسرا اسپیل: وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، تمام اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کے پیش نظر صوبے بھر میں متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی غفلت یا غیر ذمہ داری کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے جاری کردہ الرٹس کے مطابق پیشگی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔
مریم نواز نے واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے مشینری اور عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے، جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز بھی مکمل طور پر فعال اور الرٹ رہیں۔
وزیراعلیٰ نے نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد از جلد نکاسی، چوکنگ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی، برساتی نالوں اور ڈرینز کی صفائی، شہری و دیہی علاقوں میں مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے اور بارشوں کے دوران زیرِ تعمیر مقامات پر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے خستہ حال اور خطرناک عمارتوں پر خصوصی نظر رکھنے، شہری علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دینے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی تاکید کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کمزور اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور خاص طور پر بچوں کو دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے یا قریب جانے سے روکیں۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سرگودھا میں 105 ملی میٹر، حافظ آباد میں 77 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 73 ملی میٹر، بہاولنگر میں 63 ملی میٹر اور ساہیوال میں 61 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں مجموعی طور پر 400 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے اور شہر میں مسلسل پانچویں روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔



