لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ایڈیشنل ججز کی 27 جولائی کو حلف برداری، تیاریاں مکمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ کے لیے نامزد 10 نئے ایڈیشنل ججز کی حلف برداری کی تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی منظوری اور وزارتِ قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد تقریب 27 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ کے ججز لان میں منعقد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نئے تعینات ایڈیشنل ججز سے حلف لیں گی۔ تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز، لاء افسران، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور حلف اٹھانے والے ججز کے اہلِ خانہ بھی شرکت کریں گے۔
حلف اٹھانے والے نامزد ایڈیشنل ججز میں غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، امیر عجم ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، خالد بن عزیز، منور اقبال دوگل، سید فرہاد علی شاہ اور عثمان غنی راشد چیمہ شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کے بعد تمام نئے ایڈیشنل ججز اسی روز اپنے عدالتی فرائض سنبھالیں گے اور مقدمات کی سماعت بھی شروع کر دیں گے۔ ان ججز کی تقرری ایک سال کے لیے ایڈیشنل جج کے طور پر کی گئی ہے۔
نئی تقرریوں کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی مجموعی تعداد 50 ہو جائے گی، جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد کم ہو کر 10 رہ جائے گی، جس سے مقدمات کے بروقت فیصلوں اور عدالتی امور کی انجام دہی میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔



