مٹھی کے گاؤں گوڌیار میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی، مکینوں کا احتجاج

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی تعلقہ کے گاؤں گوڌیار میں مٹھی پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ مبینہ طور پر کارروائی کی، جس پر مقامی رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے۔
گاؤں کے رہائشی عبدالغفور سومرو، عبدالواحد سومرو، گل محمد سومرو، سلیم اور دیگر نے احتجاج کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن اور جیالے ہیں، تاہم تعلقہ صدر سراج سومرو نے ان کے لیے حالات کو مشکل بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی پولیس کے ذریعے چھاپے مارے جاتے ہیں اور کبھی مسلح افراد کے ساتھ آ کر انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔
احتجاج کرنے والوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی سراج سومرو نے مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہمراہ ان پر حملہ کیا تھا، جس کا مقدمہ درج ہے۔ اب دوبارہ ان کے گھروں کو گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مظاہرین کے مطابق گاؤں میں ضلع بھر کی پولیس کو لا کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا گیا، جبکہ خواتین اور بچوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس عمل کو فوری طور پر روکا جائے۔
مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری تعلقہ صدر سراج سومرو اور ایس ایس پی تھرپارکر پر عائد ہوگی۔



