پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کی بحالی
اہم پیشرفت

لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کو آج بحال کیے جانے کا امکان ہے۔ قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ آئینی ضابطوں کے تحت ارکان کی بحالی کا فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں معطل ارکان کی بحالی کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ آج بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 18 جولائی کو اس معاملے پر پیش رفت ہوئی تھی جب اپوزیشن کے 26 ارکان کی بحالی کے لیے ڈرافٹ تیار کیا گیا، جو بیرون ملک موجود اسپیکر ملک احمد خان کو واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کیا گیا تھا۔ اسپیکر کی منظوری کے بعد یہ ڈرافٹ قائم مقام اسپیکر کو بھیجا جانا تھا۔
اس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار کے بعد معطل ارکان سے متعلق معاملات طے پاگئے تھے۔ مذاکرات کے بعد صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اپوزیشن نے ایوان میں نازیبا الفاظ کے استعمال سے گریز پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایتھکس کمیٹی کے فیصلے سپریم تصور ہوں گے اور اپوزیشن کو آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے احتجاج کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبائی اسمبلی میں خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی تھی، جس کے بعد اسپیکر نے ایکشن لیتے ہوئے 26 ارکان کو معطل کرتے ہوئے ان پر لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے تھے۔



